حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کربلائے معلیٰ حرم مبارک حضرت عباس علیہ السلام کے متولی حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد صافی نے عتبہ حسینی اور عباسیہ کے شعبہ مذہبی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین شیخ صلاح الکربلائی کی موجودگی میں مبلغین کے ایک گروپ سے ملاقات کی۔
انہوں نے اس ملاقات میں کہا: زائرین کرام کو آپ جیسے مبلغین کی زیادہ ضرورت ہے، اس لئے کہ زائرین صرف دو چیزوں کے بارے میں سوال کرتے ہیں، یا تو کسی مذہبی مسئلے کے بارے میں براہ راست سوال کرین گے، یا کسی سماجی مسئلے پر مشورہ طلب کریں گے، کیونکہ وہ آپ کو ایک ایماندار رہنما کے طور پر دیکھتے ہیں۔
اس نے مزید کہا:آپ خود جانتے ہیں اور مہارت رکھتے ہیں کہ ممکن ہے کوئی شخص آپ کے پاس آئے اوروہ اپنے گناہ پر نادم اور شرمندہ ہو، یا اس نے کسی عظیم گناہ کا ارتکاب کیا ہو اور وہ اب اس پر نادم ہو ، ایسے شخص کو آپ کی شدید ضرورت ہے آپ اسے باب رحمت الہی تک پہنچائیں، کیونکہ توبہ کے دروازے کھلے ہیں بشرطیکہ گناہ گار اپنے گناہ کو قبول کرلے، اس سے کہیں کہ توبہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید دو نکات کی جانب اشارہ کی اور کہا:آپ ان دو نکات کی طرف زیادہ توجہ دیں، پہلا یہ کہ اسلامی تعلیمات کو لوگوں تک سادہ اور آسان زبان میں پہنچایا جائے، اور دوسرا یہ کہ اہل فضل و علم اور حوزہ علمیہ کے طلبا کا طرز عمل سیرتِ نبوی اور اہل بیت اطہارعلیہم السلام کے طرز عمل کی عکاسی کرے، جس سے لوگ آپ پر اعتماد کر سکیں۔